Saturday, July 27, 2024
ہوماسلام آباداسلام آباد کے صنعتی علاقوں میں جلد ترقیاتی کام شروع کئے جا رہے ہیں، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد

اسلام آباد کے صنعتی علاقوں میں جلد ترقیاتی کام شروع کئے جا رہے ہیں، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد

اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں مقامی صنعتکاروں کے وفد نے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد سے ملاقات کی اور انہیں اسلام آباد کے صنعتی علاقوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان، فانڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، چیمبر کی سی ڈی اے کمیٹی کے کنوینر عبد الرف عالم، اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر شیخ طارق صادق، آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد احمد اور چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر اویس خٹک وفد میں شامل تھے۔ سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید منور شاہ اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل فیصل نعیم بھی اجلاس میں موجود تھے۔

چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ نے اگست 2020 میں ایک لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے صنعتی پلاٹوں کی لیز کی تجدید نو کی منظوری دی تھی لیکن اس فیصلے پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا جس وجہ سے اسلام آباد میں صنعتی ترقی کا عمل متاثر ہو رہا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے جلد نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی آن ہاسنگ، کنسٹریکشن اینڈ ڈویلپمنٹ (این سی سی ایچ سی ڈی)سے سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے کی توثیق حاصل کرے تا کہ اس پر عمل درآمد سے صنعتی پلاٹوں کی لیز کی تجدید ہو سکے اور صنعتی ترقی کا عمل تیز ہو۔ انہوں نے اسلام آباد کی مارکیٹوں میں پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے مارکیٹوں میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لئے پلاٹوں کی نیلامی کرے تا کہ پارکنگ کا مسئلہ حل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے بہت پہلے آئی نائن اور آئی ٹین انڈسٹریل ایریاز میں مسجد اور ڈسپنسری کیلئے پلاٹ الاٹ کرنے کی یقینی دہانی کرائی تھی لہذا مطلوبہ پلاٹ جلد الاٹ کئے جائیں۔چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان، فانڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر طارق صادق اور چیمبر کے سابق صدر محمد احمد نے کہا کہ کرونا وائرس کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان نے صنعتی شعبے کیلئے بعض پرکشش فنانسنگ سکیموں کا اجرا کیا تھا لیکن صنعتی پلاٹوں کی لیز کی تجدید کے بغیر بینک صنعتوں کو ان سکیموں کے تحت قرضہ فراہم نہیں کر رہے لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ لیز کی تجدید کیلئے سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے پر جلد عمل درآمد یقینی بنایا جائے کیونکہ سٹیٹ بینک کی سکیمیں رواں سال 30 اپریل تک ختم ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں سڑکوں کی کارپٹنگ، فٹ پاتھوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹ کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کی اشد ضرورت ہے لہذا سی ڈی اے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے۔ چیمبر کی سی ڈی اے کمیٹی کے کنوینر عبدالرف عالم نے سپر مارکیٹ اور بلیو ایریا میں کارپٹنگ، پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل کو اجاگر کیا اور مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے ان کو جلد حل کرے۔چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے چیمبر کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آئی نائن اور آئی ٹین انڈسٹریل ایریاز میں جلد ترقیاتی کام شروع کئے جا رہے ہیں جس سے اجاگر کردہ مسائل بہتر حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صنعتی پلاٹوں کی لیز کی تجدید نو کے سلسلے میں سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے کی توثیق حاصل کرنے کیلئے جلد این سی سی ایچ سی ڈی کو دوبارہ خط لکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا اور ایف ٹین سمیت دیگر مارکیٹوں میں پارکنگ پلازوں کے پلاٹوں کی نشاندہی کر دی کی گئی ہے اور سی ڈی اے جلد ہی پلاٹوں کی نیلامی کرے گی تا کہ پارکنگ پلازے تعمیر ہونے سے یہ اہم مسئلہ حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے کہوٹہ انڈسٹریل ایریا 375ملین روپے کا بجٹ مختص کیا ہے اور اس سال اپریل میں مذکورہ انڈسٹریل ایریا میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو جائے گا جس سے اس صنعتی علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے مارکیٹوں میں 300 عوامی بیت الخلا تعمیر کرے گی اور ان کو آئی سی سی آئی کے حوالے کرے گی تا کہ چیمبر متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر ان کو چلا سکے اور ان کی دیکھ بھال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس اور کورال پل منصوبے رواں سال ستمبر تک مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ بائی پاس منصوبے اور آئی جے پی روڈ کی کارپٹنگ کا کام بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں کے ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے لئے مارگلہ سے براستہ جی ٹی روڈ اور مری روڈ تک رنگ روڈ بھی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں مسجد اور ڈسپنسری کیلئے سی ڈی اے جلد پلاٹ الاٹ کرے گی تا کہ یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔ انہوں نے شہر کی بہتر ترقی کے لئے سی ڈی اے کے دیگر اقدامات کے بارے میں بھی وفد کو آگاہ کیا اور مارکیٹوں سے تجاوزات کے خاتمہ سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے میں سی ڈی اے کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر چیمبر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کے ساتھ متعدد مارکیٹوں کا دورہ کیا تھا جس کے نتیجے میں کئی ترقیاتی کام پہلے ہی شروع ہو چکے ہیں جبکہ دیگر کوبھی جلد مکمل کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔