Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانکھلے مین ہولز خطرہ ، سی ڈی اے کی شہریوں سے تعاون ،ڈھکن کاخیال رکھنے کی درخواست

کھلے مین ہولز خطرہ ، سی ڈی اے کی شہریوں سے تعاون ،ڈھکن کاخیال رکھنے کی درخواست

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)انتظامیہ نے فوری طورپر شہر بھر کے مین ہولز، ڈرین ہولز،سیوریج اورگٹروں پر ڈھکنوں کی تنصیب کی ہدایات جاری کردیں۔کھلے مین ہولز انسانی جانوں کیلئے خطرہ ہیں۔شہریوں سے بھی تعاون اورڈھکنوں کاخیال رکھنے کی درخواست کردی۔تفصیلات کے مطابق پچھلی کئی دہائیوں سے شہر بھر کے متعدد مین ہولز اور گٹروں کے ڈھکن نہیں لگائے گئے ہیں۔جس کے باعث ماضی میں بہت سے حادثات بھی ہوچکے ہیں ۔تاہم اب وفاقی ترقیاتی ادارہ کی موجودہ انتظامیہ نے شہر بھر کے گٹروں پر فوری طور پر ڈھکن رکھ کر انہیں بندکرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔اس ضمن میں انتظامیہ نے شعبہ انوائرمنٹ،سٹی سیوریج ،روڈایند مارکیٹ مینٹینینس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیسکو، ایس این جی پی ایل،پی ٹی سی ایل،این ٹی سی کیبل سمیت جن بھی اداروں کے مین ہولز کھلے ہیں ان پر بلا تفریق ڈھکن لگاکرانہیں بندکیاجائے۔اس ضمن میں مزکورہ متعلقہ اداروں کوبھی لکھا جائے کہ وہ ازخود بھی اپنے مین ہولز اور گٹروں کے ڈھکنوں کی تنصیب کو یقینی بنائیں۔مزکورہ ہدایات کے بعد شعبہ سروسز اورانجنیئرنگ ونگ نے بڑے پیمانے پر مین ہولز کے ڈھکنوں کی تیاری شروع کردی ہے۔آئندہ ہفتے شہر بھر کے مین ہولز،ڈرینج ہولز اور گٹروں پر ڈھکنوں کی تنصیب کے کام کا آغاز کردیا جائے گا۔اتھارٹی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی درخواست کی ہے کہ مزکورہ اقدام آپ کی جانوں کی حفاظت کیلئے کئے جارہے ہیں،ان گٹروں کے ڈھکنوں کوچوری ہونے سے بچائیں اور اپنے اپنے گلی محلے کے مین ہولز کے ڈھکنوں کی حفاظت کریں ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔