Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانحماد اظہر وفاقی وزیر خزانہ، تابش گوہر کو معاون خصوصی پٹرولیم لگا دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

حماد اظہر وفاقی وزیر خزانہ، تابش گوہر کو معاون خصوصی پٹرولیم لگا دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد،کابینہ ڈویژن نے حفیظ شیخ کو فارغ کر کے حماد اظہر کو وفاقی وزیر خزانہ مقرر کر دیا جبکہ تابش گوہر کو معاون خصوصی پٹرولیم لگا دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں ردوبدل کیلئے وزیراعظم عمران خان نے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ وزارت اطلاعات، توانائی، ایوی ایشن، اقتصادی امور اور کشمیر کمیٹی میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔بعض وزرا اپنے عہدوں سے فارغ ہونگے جبکہ کابینہ میں کچھ نئے چہرے شامل کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان کریں گے۔خسرو بختیار اپنے موجودہ عہدے پر نہیں رہیں گے۔ شبلی فراز کو وزارت پیٹرولیم اور ایوی ایشن کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ فواد چودھری کو وزیر اطلاعات یا وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا جا سکتا ہے۔فواد چودھری وزارت اطلاعات کے ساتھ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اضافی چارج چاہتے ہیں جبکہ فرخ حبیب کو وزیر مملکت بنائے جانے کا امکان ہے۔شہریار آفریدی سے کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ واپس لے کر فخر امام کو دوبارہ یہ عہدہ دیئے جانے کا امکان جبکہ وزیر اطلاعات و نشریات کو دو الگ حصوں میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔اطلاعات میں وزیر مملکت اور نشریات میں معاون خصوصی لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ عمر ایوب خان سے بھی توانائی اور پیٹرولیم کی وزارت واپس لیے جانے کا امکان ہے۔دوسری طرف کابینہ ڈویژن کی طرف سے حفیظ شیخ کو فارغ کر کے حماد اظہر کے وفاقی وزیر خزانہ جبکہ تابش گوہر کے معاون خصوصی پٹرولیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 3 سال سے بھی کم مدت کے دوران وفاقی کابینہ میں تیسری مرتبہ بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ میںگزشتہ سال تبدیلی کی گئی تھی جس کے تحت خسرو بختیار کو وفاقی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سے ہٹا کر اقتصادی امور، حماد اظہر کو اقتصادی امور کی جگہ وزارت صنعت جبکہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو وزارت غذائی تحفظ دی گئی تھی۔یاد رہے کہ تابش گوہر کو پچھلے سال بھی وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے توانائی مقرر کیا گیا تھا تاہم پھر رواں سال جنوری میں وہ مستعفی ہوگئے تھے۔ وہ صرف 2 ماہ ہی معاون خصوصی رہے تھے۔تابش گوہر 7 سال تک کے الیکٹرک میں بطور سی ای او، ڈائریکٹر اور چیئرمین کے عہدے پر فائز رہے تاہم 2015 میں وہ مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ بجلی و توانائی کے شعبے میں مشاورت اور معاونت دینے کی اپنی کمپنی اوسیس کے بانی و سربراہ ہیں۔ کراچی میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔