اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی ارشد شریف کے مبینہ قتل سے متعلق درخواست پر وزارت داخلہ وخارجہ کے نامزد افسر کو ارشد شریف کی فیملی سے فوری ملاقات کی ہدایت کرتے ہوئے کل تک رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق صحافی ارشد شریف کے کینیا میں مبینہ قتل سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خارجہ کو نوٹس جاری کردیا،عدالت نے وزارت داخلہ وخارجہ کے نامزد افسر کو ارشد شریف کی فیملی سے فوری ملاقات کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ارشد شریف کی باڈی کہاں ہے ؟بیرسٹر شعیب رزاق نے کہاکہ ارشد شریف کی میت نیروبی میں ہے، عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کل تک رپورٹ طلب کرلی۔