Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستاناپنا حق اسی طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی، وزیراعلی علی امین گنڈاپور

اپنا حق اسی طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی، وزیراعلی علی امین گنڈاپور

پشاور(سب نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان کی رہائی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنا حق اسی طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوابی میں پیہور ہائی لیول کنال ایکسٹینشن کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ علاقے کی خوش حالی میں اہم کردار ادا کرے گا، اس منصوبے سے علاقے کا 30 ہزار ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے کمانڈ ایریا میں مزید 8 ہزار ایکڑ اراضی شامل کی جائے گی، زراعت اور آب پاشی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، صوبے میں فوڈ سیکیورٹی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے، ہم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ روزگار بھی فراہم کریں گے، نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے اور نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔