کوئٹہ:نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے حوالے سے کوئی دباو قبول نہیں، تارکین وطن کا واپس جانا ریاستی پالیسی ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان کے نگراں وزیراطلاعات جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو باعزت طریقے سے بھیجیں گے، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے کوئی دبا نہیں، تارکین وطن کا واپس جانا ریاستی پالیسی ہے، اور ریاستی پالیسی پر کوئی پریشر قبول نہیں۔
نگراں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ جن کو پناہ دی وہ احسان فراموشی کررہے ہیں، افغان باشندے جرائم میں ملوث ہیں، کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں،ڈیڈ لائن تک تارکین وطن کو ہرصورت واپس جانا ہوگا۔جان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے تحفظات دورکریں گے، ایمل ولی خان کے بیان کی مذمت کرتا ہوں، ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کو تیارہیں۔ نگراں وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے40 سال افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت کیا، جن کے پاس ویزا ہے ان کو کچھ نہیں کہیں گے، چمن سے 500 خاندان واپس جا چکے ہیں۔جان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کوایک نارمل اسٹیٹ کی طرف لے جانا ہے، ماضی کی غلطیوں کو نہیں دھرائیں گے، ہمسائیہ پاکستان میں مداخلت سے گریزکرے۔