Tuesday, July 8, 2025
ہومپاکستانمسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا: بلاول بھٹو

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا: بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازع انصاف اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر پرامن طریقے سے حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، پاکستان تنازع کے حل کے لئے بھارت کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کے لئے تیار ہے تاہم اس طرح کے مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری بھارت پر ہے، او آئی سی رابطہ گروپ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، او آئی سی کو اس معاملہ کو اقوام متحدہ کے متعلقہ فورمز پر اٹھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جموں و کشمیر سے متعلق رابطہ گروپ کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مباحثہ سے ہمیں موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال اور اس کے نتیجہ میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لینے اور ان چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں اور ذرائع پر غور کرنے میں مدد ملے گی، 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنا تھا، اس مقصد کے لئے بھارت نے غیر قانونی اقدامات، انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں اور دیگر جرائم کا سہارا لیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔