ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کے لیے پی ڈی ایم اتحاد کی جماعتوں اور حکومتی رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس ماڈل ٹاؤن میں شروع ہوگیا۔
اہم اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کررہے ہیں۔ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر غیر متوقع شکست کے بعد ہونے والے حکومتی اتحادی رہنماؤں کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری، مولانا شاہ اویس نورانی سمیت دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی، وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق،ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، شاہ زین بگٹی، میاں افتخار حسین، مشاہد حسین سید، اکرم درانی، طارق بشیر چیمہ، احد چیمہ، ایاز صادق، سالک حسین، محسن داوڑ، اسلم بھوتانی، فہد حسین سمیت دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔
اجلاس میں تازہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت برقرار رکھنے کے لیے آئینی و قانونی آپشنز پر غور کیاجائے گا۔ اس موقع پر لیگی رہنما پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم کے حوالے سے شرکا کو بریفنگ دیں گے جب کہ 22 جولائی کو قائد ایوان کے دوبارہ انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ملک میں قبل از وقت انتخابات نہ کروانے کے حوالے سے اپنی اپنی پارٹیوں کی سینئر قیادت کی تجاویز پیش کریں گی۔ بعد ازاں شہباز شریف پی ڈی ایم قائدین اور حکومتی اتحادی رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔
ضمنی انتخابات میں شکست، حکومتی اتحادی رہنماؤں کا اہم اجلاس شروع
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔