Wednesday, June 25, 2025
spot_img
ہومپاکستانصدر ، وزیراعظم اور وزیرداخلہ سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقاتیں

صدر ، وزیراعظم اور وزیرداخلہ سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقاتیں

اسلام آباد ۔۔۔۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے پیرکو سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے ملاقات کی ہے۔ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات بھی وزیراعظم کو پہنچائے ہیں۔ انہوں نے سعودی قیادت کی طرف سے پاکستان، پاکستانی حکومت اور عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور برادر ملکوں کے درمیان موجودہ تعاون کی مختلف جہتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، پاکستان کے اعلی عہدیدار اور سعودی وزیر داخلہ کے ہمراہ سرکاری وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔ دوسری جانب صدر پاکستان عارف علوی سے پیر کو سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ سعودی وزیر داخلہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے صدر کے لیے خیر سگالی اور پاکستان، اس کے عوام اور حکومت کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کی خواہشات پر مشتمل پیغامات پہنچائے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کی جہتوں کا جائزہ لیا گیا۔ قبل ازیں سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف اور پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔ اسلام آباد میں ملاقات کے بعد پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔ سعودی وزیرداخلہ سوموار کو وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر پہنچے جہاں سب سے پہلے انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے ملاقات کی۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی اور پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔