Friday, September 5, 2025
ہومپاکستانسیلابی صورتحال ، پنجاب میں قومی اسمبلی کے 5، پنجاب کے 4حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی

سیلابی صورتحال ، پنجاب میں قومی اسمبلی کے 5، پنجاب کے 4حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی

اسلام آباد(سب نیوز)الیکشن کمیشن نے سیلابی صورتحال کے سبب پنجاب میں ضمنی انتخابات ملتوی کردیے۔

تفصیلات کے مطابق سیلابی صورتحال کے سبب الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب کے قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں میں ضمنی الیکشن موخر کردیا ہے جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب کے چار صوبائی حلقوں میں بھی ضمنی الیکشن موخرکردیا گیا ہے جن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 وزیرآباد، این اے 96 فیصل آباد، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال شامل ہیں۔اسی طرح پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد اور پی پی 203 ساہیوال میں انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا موقف سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی درخواست پر ضمنی الیکشنز روکے گئے، پنجاب حکومت اور متعلقہ ڈی آر اوز اور آر اوز نے الیکشنز روکنے کی درخواست کی، پنجاب حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا آج اجلاس ہوا اور الیکشن کمیشن نے عوامی مفاد میں ضمنی الیکشنز روکنے کا فیصلہ کیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سیلاب کی وجہ سے پولنگ اسٹیشنز اور عملے کی عدم دستیابی کا سامنا ہے، بتایا گیا پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہے، بتایا گیا کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ گئی ہیں، سیلاب زدگان کے ریلیف اقدامات کی وجہ سے انتخابات کرانے کے لیے صوبائی انتظامیہ دستیاب نہیں ہے اور سیلاب کی وجہ سے کئی علاقے خالی ہوچکے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق ایسی صورتحال میں الیکشنز کرادئیے تو ووٹرز ٹرن آوٹ کم ہوسکتا ہے، ان حلقوں میں الیکشنز 18 ستمبر اور 5 اکتوبر کو شیڈول تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔