Monday, September 1, 2025
ہومتازہ تریناسرائیل کا غزہ پر زمینی اور فضائی حملوں میں اضافہ، مزید 90فلسطینی شہید ہو گئے

اسرائیل کا غزہ پر زمینی اور فضائی حملوں میں اضافہ، مزید 90فلسطینی شہید ہو گئے

غزہ (سب نیوز)اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر زمینی اور فضائی حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 90 فلسطینی شہید اور 421 زخمی ہوگئے ہیں۔ شہید ہونیوالوں میں بھوک سے مرنیوالے7 فلسطینی بھی شامل ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 339 ہوگئی ہے۔
صیہونی فوج کی جانب سے شیخ رضوان کے علاقے میں قائم امدادی مرکز کے قریب کی گئی بمباری میں خواتین اور بچوں کی شہادت کی بھی اطلاعات ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ایک فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا۔ حملہ غزہ کی ایک رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر کیا گیا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق ان کے اہلِ خانہ نے لاش کی شناخت کے بعد کر دی ہے۔
غزہ میں صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے، جہاں خوراک اور بنیادی ضروریات کی شدید قلت ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی رکاوٹوں کے باعث امدادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرے تاکہ انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔ادھر برطانیہ نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے تناظر میں لندن میں ہونے والی دفاعی نمائش میں اسرائیلی حکام کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو کہ بین الاقوامی سطح پر اسرائیلی پالیسیوں پر بڑھتی ہوئی ناپسندیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
غزہ پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے بھی ہو رہے ہیں۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ، اٹلی کے وینس اور سوئیڈن سمیت کئی ممالک میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔فرینکفرٹ میں ہزاروں مظاہرین نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا، جب کہ وینس میں بھی فلسطینی نسل کشی روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر ریلی نکالی گئی۔سوئیڈن میں ہونے والے مظاہروں میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔