اسلام آباد(سب نیوز)معاشی تھنک ٹینک ایکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ نے پاکستان کے ارب پتی بزنس ٹائیکونز اور بڑے کاروباری گروپس کی تفصیلات جاری کر دیں۔
رپورٹ کے مطابق بیسٹ وے گروپ کے سر انور پرویز 3 ارب 62 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان کے امیر ترین کاروباری شخصیت قرار پائے، جبکہ فوجی فاؤنڈیشن گروپ 2 ارب 25 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ٹبہ گروپ 1 ارب 88 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کے ساتھ تیسرے، پاکستان ٹوبیکو گروپ 1 ارب 18 کروڑ ڈالرز کے ساتھ چوتھے اور ابراہیم گروپ کے میر شکیل ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
آغا خان گروپ 954 ملین ڈالرز، میاں منشاء 920 ملین ڈالرز، اور پیکجز گروپ کے سید بابر علی 1 ارب 60 کروڑ ڈالرز کی دولت کے ساتھ فہرست میں شامل ہیں۔ فاطمہ گروپ کے فواد مختار اور لیک سٹی ہولڈنگ کے مالک گوہر اعجاز بالترتیب ارب پتی کاروباری شخصیات میں شامل ہیں، جن میں گوہر اعجاز 2 ارب 50 کروڑ ڈالرز کے مالک ہیں۔
رپورٹ میں پاکستان کے 40 بڑے ارب پتی کاروباری گروپس اور 20 بڑی پبلک لسٹڈ کمپنیوں کی رینکنگ بھی جاری کی گئی۔ ارب پتی شخصیات میں سردار یاسین ملک، حبیب اللہ خان، شیخ محمد جاوید، عقیل کریم ڈھیڈی، بشیر جان محمد، میاں عامر محمود، نسرین قصوری، جہانگیر ترین اور علیم خان بھی شامل ہیں۔داود گروپ کی مالیت 2 ارب 39 کروڑ ڈالرز، میزان گروپ 2 ارب 38 کروڑ ڈالرز، عارف حبیب گروپ 1 ارب 57 کروڑ ڈالرز، آغا خان گروپ 1 ارب 56 کروڑ ڈالرز، اٹک گروپ 1 ارب 35 کروڑ ڈالرز، پاکستان ٹوبیکو گروپ 1 ارب 24 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز، سفائر گروپ کے میاں عبداللہ اور لاکھانی گروپ 1 ارب 20 کروڑ ڈالرز، ہاؤس آف حبیب 1 ارب 17 کروڑ ڈالرز اور میر ابراہیم گروپ 1 ارب 12 کروڑ ڈالرز کا کاروبار رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 22 کھرب پتی کاروباری خاندانوں میں سے 5 خاندان آج بھی موجود ہیں، جبکہ گزشتہ 50 برس میں 35 نئے ارب پتی کاروباری خاندان سامنے آئے ہیں۔ ارب پتی خاندانوں میں سید بابر علی، حبیب رفیق، حسین داود اور طارق سیگل گروپ شامل ہیں۔
