اسلام آباد(آئی پی ایس) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کے لیے متفرق درخواستیں دائر کر دی ہیں۔
درخواستیں بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے جمع کرائی گئی ہیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 17 جنوری کو سزا سنائی گئی جبکہ 27 جنوری کو اپیل دائر کر دی گئی تھی۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ 15 مئی کو سزا معطلی کی درخواستوں پر پہلی سماعت ہوئی تھی، لیکن نیب بار بار التوا مانگ کر کیس لٹکا رہا ہے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت سے کیس جلد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی، تاہم یقین دہانی کے باوجود درخواستیں مقرر نہیں ہوئیں۔ عدالت سے اپیل کی گئی ہے کہ سزا معطلی کی دونوں درخواستیں جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 190 ملین پاؤنڈ کیس میں قانونی کارروائی کی سست روی پر تنقید کی جا رہی ہے، اور پی ٹی آئی کی قیادت مقدمات میں جلد فیصلوں کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رہی ہے۔