Sunday, April 20, 2025
ہومپاکستانخیبرپختونخوا کا این ایف سی اجلاس فوری بلانے کیلئے وفاق کو خط لکھنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کا این ایف سی اجلاس فوری بلانے کیلئے وفاق کو خط لکھنے کا فیصلہ

پشاور (سب نیوز)محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت کو نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی)اجلاس فوری بلانے کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ، مشیر خزانہ مزمل اسلم نے این ایف سی کے ساتویں ایوارڈ میں غیر آئینی توسیع کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو اس کا جائز حصہ فوری دیا جائے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق وفاقی حکومت اجلاس بلانے میں مسلسل تاخیر کر رہی ہے جو کہ آئینی عمل میں رکاوٹ کے مترادف ہے۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے مطالبہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا)کے لیے پانچواں گروپ فوری طور پر تشکیل دیا جائے تاکہ ان علاقوں کی مالی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔محکمہ خزانہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت ضم اضلاع کے اخراجات کے مطابق فنڈز کی فراہمی نہیں کر رہی، جس سے صوبائی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ خزانہ کا موقف ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کا اجلاس بلانا آئینی تقاضہ ہے اور اس میں مزید تاخیر صوبائی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔ خیبرپختونخوا حکومت وفاق سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر اجلاس طلب کرے اور ضم شدہ اضلاع کا مالیاتی شیئر بحال کرے تاکہ ان پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو جاری رکھا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔