راولپنڈی(آئی پی ایس) جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ایک پروقار اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے ملک و قوم کے لیے نمایاں خدمات اور جرات مندانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، جوانوں کے اہلِ خانہ اور شہدا کے خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سمیت دیگر اعزازات دیے گئے، شہدا کو دیے گئے اعزازات ان کے خاندانوں نے فخر کے ساتھ وصول کیے۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا اورغازی ہماری قومی پہچان اور فخر ہیں، ان کا احترام اور عزت ہر پاکستانی پر فرض ہے۔ آج جو امن اور آزادی ہمیں حاصل ہے، وہ ان بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے شہدا کے خاندانوں کے حوصلے اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کا جذبہ وطن سے محبت کی روشن مثال ہے۔
آرمی چیف نے انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) کے عزم اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی انتھک محنت سے کئی دہشتگرد خطرات کو ناکام بنایا اور اہم دہشتگردوں کا خاتمہ یقینی بنایا ہے۔