اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے معروف سرینہ ہوٹل کے چھٹے فلور پر جمعہ کی سہ پہر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ہوٹل میں شدید افرا تفری پھیل گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آ گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق آگ ہوٹل کی ٹاپ فلور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ واقعے کے بعد سی ڈی اے فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر ادارے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ آگ دوبارہ نہ بھڑک سکے۔
ترجمان کے مطابق ہوٹل کے تمام مہمانوں اور عملے کو بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا گیا ہے اور تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری رہا، جبکہ انتظامیہ نے کہا ہے کہ صورتحال پر جلد مکمل قابو پا لیا جائے گا۔