Wednesday, March 19, 2025
ہومپاکستانافضل بٹ کے جرنلسٹ پینل نے نیشنل پریس کلب انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ،اظہر جتوئی صدر، نئیر علی سیکرٹری اور وقار عباسی فنانس سیکرٹری منتخب

افضل بٹ کے جرنلسٹ پینل نے نیشنل پریس کلب انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ،اظہر جتوئی صدر، نئیر علی سیکرٹری اور وقار عباسی فنانس سیکرٹری منتخب

اسلام آباد (سب نیوز)نیشنل پریس کلب کے انتخابات کے نتائج کا حتمی اعلان کر دیا گیا، جس میں جرنلسٹ پینل نے تینوں بڑی نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی۔ صدر، سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کی نشستوں کے لیے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیٹی نے باضابطہ نتائج جاری کر دیے۔

نتائج کے مطابق اظہر جتوئی 1090 ووٹ لے کر نیشنل پریس کلب کے صدر منتخب ہو گئے، جبکہ نئیر علی نے 1063 ووٹ حاصل کر کے سیکرٹری کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔ فنانس سیکرٹری کے انتخاب میں وقار عباسی نے 1065 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔ الیکشن کے دوران ووٹوں کی گنتی کا عمل نہایت شفاف رکھا گیا، جسے مکمل طور پر ریکارڈ بھی کیا گیا اور مانیٹرنگ کے لیے بڑی اسکرین بھی نصب کی گئی تھی۔

انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اپوزیشن نے بھی گنتی کے عمل کا بغور مشاہدہ کیا اور آخر میں کھلے دل سے نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔انتخابی اعداد و شمارکل 2033 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جن میں سے 2003 ووٹوں کو تسلیم کیا گیا جبکہ 30 ووٹ مسترد ہو گئے۔ انتخابات میں 70 فیصد ٹرن آوٹ ریکارڈ کیا گیا، جو صحافتی برادری کی بھرپور دلچسپی کا عکاس ہے۔فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر سجاد بخاری نے 191،ہرمیت سنگھ نے 695اور وقار عباسی نے 1065ووٹ حاصل کئے ۔سیکرٹری کی سیٹ پر فرقان رائو نے 716،نئیر علی نے 1063ووٹ لئے ۔

صدر کی نشست پر شکیل قرار نے 654،اظہر جتوئی نے 1090 ووٹ لئے ،مزید نشستوں کے لیے ووٹوں کی گنتی آج مکمل ہو گی، نائب صدور، جوائنٹ سیکرٹریز اور گورننگ باڈی کی نشستوں کے لیے ووٹوں کی گنتی آج مکمل کی جائے گی، جس کے بعد حتمی نتائج کا اعلان ہو گا۔ صحافتی برادری نے نیشنل پریس کلب کے انتخابات میں بھرپور شرکت کر کے اپنے جمہوری حق کا استعمال کیا اور شفافیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔