اسلام آباد (سب نیوز)کابینہ سیکرٹریٹ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تحت ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ (ایچ پی ایس بی) کا اجلاس آج نائب وزیرِاعظم محمد اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف گروپس کے بی ایس-21 افسران کی بی ایس-22 میں ترقی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹریٹ گروپ، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، اکنامسٹ گروپ، انفارمیشن گروپ، پوسٹل گروپ، اور ریلوے (کمرشل اینڈ ٹرانسپورٹیشن) گروپ کے افسران کی ترقی کی سفارش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ترقی پانے والے افسران میں سیکرٹریٹ گروپ سے عائشہ حمیرہ چوہدری، ظہور احمد، ڈاکٹر نواز احمد، حماد شمیمی، اور محمد اسلم غوری شامل ہیں۔
پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس میں شہزاد حسن اور سید محمد عمار نقوی، اکنامسٹ گروپ میں ڈاکٹر امتیاز احمد، انفارمیشن گروپ میں محترمہ امبرین جان، پوسٹل گروپ میں سمیع اللہ خان، اور ریلوے (کمرشل اینڈ ٹرانسپورٹیشن) گروپ میں سید مظہر علی شاہ کو ترقی دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ترقیاں افسران کی بہترین کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں دی گئی ہیں، جو ملکی انتظامی امور میں مزید بہتری کا باعث بنیں گی۔
