Wednesday, March 12, 2025
ہومبریکنگ نیوزجنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ سعودی عرب، مشترکہ فوجی تعاون کمیٹی کے اجلاس میں شرکت

جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ سعودی عرب، مشترکہ فوجی تعاون کمیٹی کے اجلاس میں شرکت

جدہ (آئی پی ایس )چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے موقع پر پاکستان سعودی عرب کی جوائنٹ ملٹری کو آپریشن کمیٹی کے آٹھویں اجلاس میں شرکت کی، جبکہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی نائب وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران اسٹریٹجک اور سکیورٹی امور، بدلتے ہوئی علاقائی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے فوجی تعاون کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

اجلاس میں دونوں اطراف نے پاکستان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون کا جائزہ لیا، اجلاس میں فوجی تبادلہ پروگرام، تربیتی اقدامات اور دفاع سے متعلق دیگر امور پر بات چیت کی گئی، عسکری قیادت کی جانب سے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر سعودی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا، قبل ازیں مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند فوجی دستے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔