غزہ (آئی پی ایس )غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں کم از کم 23 فلسطینی شہید اور 39 زخمی ہوگئے ہیں۔قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق غزہ کی پٹی میں ہر جگہ اسرائیلی فضائی حملے ہو رہے ہیں۔غزہ شہر کے رہائشی مکان پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک حاملہ خاتون بھی شہید ہوگئی، طبی عملہ بچے کو بچانے میں کامیاب رہا،
لیکن ماں کی جان نہیں بچائی جاسکی۔ دوسرے مقام پر مشہور فلسطینی مصنفہ والا جمعہ الافرانجی اپنے شوہر احمد سعید سلامہ کے ساتھ نصرات پناہ گزین کیمپ کے جنوب میں اپنے گھر پر اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئیں۔غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس شہر کے ایک عارضی کیمپ میں سرد موسم کی وجہ سے ایک بچہ بھی جاں بحق ہوا۔وزارت صحت کے حکام نے ایک بیان میں بتایا کہ تازہ ترین شہادتوں کے بعد گزشتہ سال 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 45 ہزار 361 ہوگئی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق حماس کے مسلح ونگ قسام بریگیڈ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے، جب کہ جنگجوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔