Thursday, December 26, 2024
ہومبریکنگ نیوزستارے حرکت میں آگئے، عمران خان جلد رہا ہوں گے

ستارے حرکت میں آگئے، عمران خان جلد رہا ہوں گے

پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ستارے حرکت میں آگئے ہیں، تبدیلی آنیوالی ہے، عمران خان جلد رہا ہوں گے۔
پشاور ہائیکورٹ کے باہر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ لوٹنے والے حکومت اور پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو دور رکھنے کیلئے انہوں نے جمہوریت کو تباہ کردیا، بانی پی ٹی آئی 90 فیصد عوام کا نمائندہ ہے، عوام کی دھڑکنیں عمران خان کیساتھ جڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کا نام نہیں لے سکتے؟ کرکٹ میچوں میں بھی کہہ دیا ہے کہ عمران خان کا نام لیا گیا تو رائٹس لے لیں گے، یہ اپنی حرکتوں سے 2018 میں پہنچ چکے ہیں، سب دوبارہ سے شروع کرنا پڑے گا، یہاں ہم ملک کے حوالے سے غمزدہ ہیں، مجھے ان غاصبوں اور قابض مافیا سے ملک آزاد کرانا ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل چلائیں گے تو دنیا مذمت کرے گی، دنیا مذمت کررہی ہے لیکن کسی کو کوئی فکر ہی نہیں، مافیا مزے کررہا ہے لیکن غریب کے پاس کھانے کو نہیں، ملک میں دنیا کے کسی کونے سے پیسہ نہیں آرہا، یہ ہمیں کہتے رہے 70 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، ایک پیسے کی سرمایہ کاری نہیں آئی۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ حکمرانوں نے عدلیہ اور آئین کو تباہ کردیا، 26 ویں آئینی ترمیم لاکر سب ستیاناس کردیا، 26 ویں ترمیم کر کے صرف وقت ضائع کیا گیا ہے، یہ 99 فیصد عوام سے اپنا بزنس چلاتے ہیں، ایک دھیلے کی سمگلنگ نہیں رکی، بلوچستان میں کہیں سمگلنگ رکی؟
سابق صدر کا کہنا تھا کہ بات چیت اس سے ہوتی ہے جو صاحب اقتدار ہو صاحب حکومت نہیں، جو مقتدر ہوں ان سے بات ہوتی ہے، ثالثِی وہاں نہیں ہوتی جہاں قبضہ ہو، غاصب ثالثِی کا صرف ایک بہانہ ہے، حکمرانوں کے دن گنے چنے ہیں، ستارے حرکت میں آگئے ہیں، تبدیلی آنے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دل کی دھڑکنوں سے عوام کی دھڑکنیں جڑی ہیں، اب بھی وقت ہے پچھلے قدموں پر آجائیں، مشورہ دیتا ہوں اب بھی وقت ہے کسی طرح عمران خان کو راضی کرو، وقت بدلے گا اور بدل رہا ہے، پاکستان میں اچھائی کے ستارے ایک دوسرے کے قریب آگئے ہیں، بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوں گے ۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو مشورہ دوں گا ہاؤس اریسٹ والی تجویز پر عمل نہ کریں، تمام مسنگ پرسنز کی تحقیقات حکومت کا کام ہے، جن لوگوں نے سیاست میں حصہ لیا یا لے رہے ہیں سب کا ٹرائل ہونا چاہیے، انصاف یہی ہے کہ ایک کا ملٹری ٹرائل ہو گا تو سب کا ہونا چاہیے، یہ اپنے ہاتھوں سے اپنی قبر کھود رہے ہیں، میں جناح ہاؤس کا نہیں قائداعظم کے اقوام کا پرستار ہوں۔
پی ٹی آئی کا نئے انتخابات کا مطالبہ
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کا لائحہ عمل پریس ریلیز میں دیکھ لیا ہوگا، ہماری ٹیم نے اپنے مطالبات پیش کردیے ہیں، ہمارے سیاسی اسیران پر غلط کیسز ہیں رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن پر تحقیقات اور نئے انتخابات بھی ہماری ڈیمانڈز ہیں، ہم مجبوری کے تحت بات چیت کررہے ہیں، مجبوری ہماری یہ ہے کہ یہ فارم 47 پر آئی حکومت ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔