Thursday, December 19, 2024
ہومپاکستانپاکستان کے پر امن پروگرام پر امریکی پابندی ناقابل قبول ہے، ڈاکٹر محمد امجد

پاکستان کے پر امن پروگرام پر امریکی پابندی ناقابل قبول ہے، ڈاکٹر محمد امجد

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کے پر امن پروگرام پر پابندی عائد کرنا ناقابل قبول ہے، پارہ چنار کی صورتحال کو حل کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے، پارٹی مرکز، صوبوں اور اضلاع کی سطح پر تیزی سے منظم اور فعال ہو رہی ہے، تیس دسمبر کو پارٹی کا یوم تاسیس ملک بھر میں منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مسلم لیگ ہائوس میں پارٹی کی ہفتہ وار منعقدہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔

اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک، کنوردلشاد، پیر سید چراغ الدین، عاطف مغل، جہانزیب امجد، چوہدری جہانگیر، عظام چوہدری، انیلہ چوہدری اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ونگز کے سربراہان اور عہدیداران نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس پر چیف آرگنائزر نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی تیس دسمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبوں میں شایان شان طریقے سے یوم تاسیس منائے گی۔

ڈاکٹر محمد امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ کی طرف سے چار پاکستانی اداروں پر پابندی ناقابل قبول ہے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے، پاکستانی اداروں پر پابندی لگانا دہرا معیار ہے، اس سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارہ چنار میں کشیدہ صورتحال پر افسوس ہے۔ بین المسالک ہم آہنگی میں پاکستانی مسلم لیگ کا ہمیشہ کردار رہا ہے، خواہش ہے کہ تمام گروپوں کو مذاکرات کی میز پر بٹھا کر مسئلہ حل کریں۔ پاکستان مسلم لیگ مرکز، صوبوں، ڈویژنز اور اضلاع میں تیزی کے ساتھ منظم اور متحرک ہو رہی ہے۔ جلد بڑی سیاسی طاقت بن کر ابھریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔