Friday, December 20, 2024
ہومپاکستانپاکستان کا امریکی پابندیوں پر سخت ردعمل، فیصلہ متعصبانہ قرار دے دیا

پاکستان کا امریکی پابندیوں پر سخت ردعمل، فیصلہ متعصبانہ قرار دے دیا

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان نے امریکی پابندیوں کو متعصبانہ قرار دے دیا۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے امریکی پابندیوں بارے ردعمل میں کہا کہ نجی تجارتی کمپنیوں پر امریکی پابندیاں افسوسناک ہیں، اس اقدام سے خطے کے سٹریٹیجک استحکام پرخطرناک اثرات مرتب ہوں گے، ماضی میں بھی بنا ثبوت محض شکوک کی بنیاد پر پابندیاں عائد کی گئیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق امریکا نے دوسرے ملکوں کو جدید ملٹری ٹیکنالوجی کی اجازت دی، دوہرے معیار سے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاو کے مقصد کو دھچکا لگتا ہے، پاکستان کی سٹرٹیجک صلاحیتوں کا مقصد اس کی خودمختاری کا دفاع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا چاہتا ہے، پاکستانی میزائل پروگرام خطے میں استحکام اور طاقت کے توازن کیلئے ہے، سٹریٹیجک پروگرام پر پاکستانی عوام کی مقدس امانت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا متعصبانہ امریکی فیصلہ امتیازی طرز عمل، علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ پابندیوں کا تازہ امریکی اقدام امن اور سلامتی کے مقصد سے انحراف کرتا ہے، پابندیوں کا مقصد فوجی عدم توازن کو بڑھانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔