کراچی (آئی پی ایس )صدر مملکت آصف علی زرداری سے کراچی میں چین کے ایک کاروباری وفد نے ملاقات کی اور میڈیکل سٹی کے ساتھ معیشت کے مختلف شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گی اہے کہ صدر آصف علی زرادری نے بلاول ہائوس کراچی میں چینی قونصل جنرل یانگ ین ڈونگ کی سربراہی میں آنے والے چین کے سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی، صدر مملکت نے کہا کہ چینی سرمایہ کار باہمی تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
چینی وفد نے پاکستان میں صحت کی سہولتوں کو جدید بنانے کے لیے میڈیکل سٹی میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا، چینی وفد نے مختلف شعبوں، بالخصوص زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ جات میں بھی سرمایہ میں دلچسپی ظاہر کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے چین کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں، جس نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے جیسے بہت سے سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے اس کی مدد کی ہے، ان منصوبوں کو پاکستان کی معیشت کے لیے لائف لائن قرار دیا گیا تھا۔ اس سے قبل عالمی بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چین 29 ارب ڈالر کے ساتھ پاکستان کو سب سے زیادہ قرض دینے والا ملک ہے، پاکستان کے مجموعی قرض میں چینی قرضوں کا حصہ 22 فیصد ہے۔