اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی نبیل گبول نے وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان آج سے مذاکرات شروع ہونے کا عندیہ دیا ہے۔پارلیمنٹ ہاس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی سردار نبیل گبول کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور حکومت میں مذاکرات کے حوالے سے بریک تھرو کا امکان ہے، فریقین میں آج سے مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں۔
نبیل گبول نے کہا کہ اب حکومت کی شرط ہے کہ مذاکرات پی ٹی آئی کے وکیلوں سے ہوں گے، پشاور والوں سے نہیں ہوں گے جبکہ جو پشاور میں موجود ہیں وہ کہہ رہی ہیں کہ مذاکرات ہم سے کیے جائیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات ہوئی ہے جس میں مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے پر اتفاق ہوا تاہم بعد ازاں وزیر اطلاعات عطا تارڈ نے پی ٹی آئی سے رابطوں اور مذاکرات کی تردید کر دی تھی۔
گزشتہ روز پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی کہا تھا کہ ہم نے کمیٹی اس لیے بنائی کہ غلطیوں کو ٹھیک کریں اس کو کمزوری نہ سمجھیں، اب 9 مئی کی دھول بٹھائیں اور معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنائیں۔ عطار تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا ہے کہ جب مذاکرات ہوں گے تو اوپر کی سطح پر ہوں گے، عطا تارڑ کو بتایا بھی نہیں جائیگا۔