بیجنگ : چینی وزارت تجارت کے ترجمان حہ یا ددونگ نے کہا کہ امریکہ کے اس الزام کی کوئی حقیقت نہیں ہے کہ چینی انفارمیشن اور ٹیلی کمیونیکیشن مصنوعات سے کوئی سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین قومی سلامتی کے تصور کو عام کرنے، مارکیٹ اکانومی اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور چینی اور امریکی کاروباری اداروں کے درمیان معمول کے اقتصادی و تجارتی تعاون میں مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
امید ہے کہ امریکہ حقائق کا احترام کرے گا اور اقتصادی و تجارتی مسائل کو سیاسی ہتھیار بنانا بند کرے گا ۔چین اپنے کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے مضبوطی سے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائےگا۔چینی وزارت تجارت کی ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک رپورٹر نے پوچھا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں ایک سالانہ دفاعی بل پر ووٹنگ ہو گی، جس میں سیکیورٹی خطرے سے نمٹنے کے لئے امریکی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کو چین کی ہواوے اور زیڈ ٹی ای کے مواصلاتی آلات کو امریکی وائرلیس نیٹ ورکس سے ہٹانے کے لیے 3 بلین ڈالر سے زائد کی رقم مختص کرنا شامل ہے۔