اسلام آباد: صدر سارک چیمبر جاسم الدین کی سربراہی میں ممبر ممالک کے اعلی سطح وفد نے ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کا دورہ کیا۔
وفد میں بنگلہ دیش ،نیپال،بھوٹان ،سری لنکا کی بزنس کمیونٹی کے نمائندے شامل تھے۔
ملاقات میں سارک ممالک کے درمیان تجارت ،کاروبار اور بزنس ٹو بزنس رابطے بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سارک ریجن میں تجارت کے فروغ کیلے باہمی روابط بہتر بنانے پر زور دیا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سارک ممالک ایک دوسرے سے کاروبار اور تجارتی تعلقات میں اضافے کے حوالے سے وسیع مواقع رکھتے ہیں ،
سارک ممبر ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم صلاحیتوں سے انتہائی کم ہے ،
سارک ممالک کی بڑی آبادی ،باصلاحیت اور محنتی لوگ معاشی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں ،
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر سارک ریجن کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے،
پاکستان کی خواہش ہے کہ سارک ممالک کو متحرک کیا جائے اور خطے کی استعداد سے فائدہ اٹھایا جائے ،
دنیا بھر میں علاقائی تجارت کا ماڈل انتہائی کامیاب ہے ،اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ،
صدر سارک چیمبر جاسم الدین کا تقریب سے خطاب ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان آ کر انتہائی خوشی ہوئی ، امید ہے یہ دورہ باہمی تعاون کے فروغ کا سبب بنے گا ،
سارک ریجن میں دنیا کی 35 فیصد آبادی رہتی ہے جو بہت بڑی مارکیٹ ہے ،
سارک ریجن کو یورپی یونین ،آسیان اور دیگر کامیاب ریجنل تنظیموں سے سیکھنے کی ضرورت ہے،
سارک رکن ممالک کی بزنس کمیونٹی کی سب سے بڑی ترجیح تجارت میں اضافہ ہے ،
سارک کے ممبران ممالک ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔