Friday, December 27, 2024
ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف کی شام میں پھنسے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی شام میں پھنسے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کی ہدایت

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شام کی صورتحال اور پاکستانیوں کے انخلا کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ہے، جس میں وزیراعظم نے محفوظ انخلا کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے لیے اقدامات لیے جائیں، شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارتخانے کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ دمشق میں پاکستان کا سفارتی عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے، پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے اساتذہ اور عملہ بھی محفوظ ہے۔ تاہم دوسری جانب شام جانے والے کئی پاکستانی زائرین پھنس گئے ہیں۔شام کی باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے ملک پر قبضے کے باعث سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہر سال لاکھوں پاکستانی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام جاتے ہیں۔
بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد باغیوں نے نے سرکاری عمارتوں اور ائیر پورٹس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں تقریبا 300 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ہیں۔شام ونگز ائیرلائن کے کنٹری ہیڈ طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے ملک پر قبضے کے بعد ائیر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری آج لاہور کیلئے پرواز منسوخ ہوئی ہے۔طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ 11 دسمبر کی کراچی کیلئے فلائٹ بھی کینسل ہے۔
دوسری جانب زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کے تحت ائیر لائنز کا آج کا شیڈول واضح نہیں، دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کے باعث زائرین میں خوف و ہراس ہے۔شام میں موجود پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے شام میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، شام کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتخانے کے نمبرز دے دیے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔