Tuesday, December 24, 2024
ہومپاکستانجنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پانچ خوارج ہلاک، چار جوان شہید

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پانچ خوارج ہلاک، چار جوان شہید

راولپنڈی (آئی پی ایس )خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کراما میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 اہلکار شہید جبکہ 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق6 نومبر 2024 کو جنوبی وزیرستان کے علاقے کراما میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے نتیجے میں اپنی فوج کی موثرجوابی کارروائی سے 5 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے چار بہادر سپوت ضلع ٹانک سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ نائب صوبیدار طیب شاہ، ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ لانس نائیک گلاب زمان، 30 سالہ لانس نائیک مزمل محمود اور ضلع اورکزئی کے 28 سالہ لانس نائیک حبیب اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ شہید اہلکاروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔قائم مقام صدر نے سیکیورٹی اہلکاروں کو کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کی خاطر فتن الخوارج کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے، دفاع وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔