لاہور کی فضا کا معیار انتہائی مضر صحت ہونے کے سبب دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا آج پھر پہلا نمبر ہے۔ حکومتِ پنجاب نے الرٹ جاری کیا تھا کہ بھارت میں کثرت سے فصلوں کی باقیات جلانے سے لاہورکے ائیر کوالٹی انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔
حکومت کی جانب سے خراب فضائی معیار کے باعث لاہور کے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور کھڑکی دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے کسی حصے میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور پنجاب کے بیشتر علاقوں کا اسموگ سے متاثر رہنے کا خدشہ ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق بھارت سے آلودہ ہوا لاہور میں داخل ہونے سے ہفتہ کی صبح شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار تک پہنچ گیا تھا جبکہ آئندہ 48 گھنٹے تک اسموگ کی شدت برقرار رہے گی۔ بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے اسموگ میں اضافہ ہوا۔