ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے مسلسل چوتھا میچ جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے بعد یو اے ای، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا بھی شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بؤلنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں آسٹریلیا کو 107 رنز تک محدود رکھا۔ آسٹریلیا کے 5 اوورز میں 70 رنز تھے، تاہم آصف علی کے چھٹے اوور میں 6 چھکے اور ایک وائیڈ بال کے ساتھ آسٹریلیا نے 37 رنز بٹورے اور قدرے محفوظ ٹارگٹ سیٹ کیا۔
آسٹریلیا کا صرف ایک کھلاڑی وڈ 36 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوا۔ شہاب نے 2 اوورز میں 35 رنز، عامر نے ایک اوور میں 8، فہیم اشرف نے 12، طلعت نے 13 جبکہ آصف علی نے 37 رنز دیے۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو دونوں اوپنرز محمد اخلاق اور آصف علی بالترتیب 32، 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پھر کپتان فہیم اشرف نے عامر کے ساتھ ملک کر نیا پار لگائی، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 19 اور 24 رنز بنائے۔
ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل سری لنکا اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔ جیتنے والی ٹیم فائنل میں پاکستان کا سامنا کرے گی۔