Thursday, October 17, 2024
ہومبریکنگ نیوزاسرائیلی فوج نے حماس سربراہ یحیی سنوار کو شہید کرنے کا امکان ظاہر کردیا

اسرائیلی فوج نے حماس سربراہ یحیی سنوار کو شہید کرنے کا امکان ظاہر کردیا

بیروت (سب نیوز )اسرائیلی فوج نے حماس کے سربراہ یحیی سنوار کو شہید کیے جانے کا امکان ظاہر کردیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس امکان کی جانچ کر رہی ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں ایک کارروائی کے بعد حماس کے رہنما یحیی سنوار کو ہلاک کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائی میں تین عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا تھا۔بیان میں مزید کہا گیاہے کہ اس مرحلے پر تینوں افراد کی شناخت کی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جس عمارت میں تین افراد کو نشانہ بنایا گیا اس میں یرغمالیوں کے موجود ہونے کے کوئی آثار نہیں ملے ہیں۔خبررساں ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان نہیں دیا گیا۔

اسرائیل کے آرمی ریڈیو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس میں تین افراد کو ہلاک کیا گیا اور اسرائیلی فوج نے ان کی لاشیں اپنے قبضے میں لے لیں۔

آرمی ریڈیو کے مطابق بظاہر ان 3 میں سے ایک شخص کے بارے میں یحیی سنوار ہونے کا گمان کیا جارہا ہے اور اس کی تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ یحیی سنوار کو ایرانی دارالحکومت تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد حماس کا سربراہ بنایا گیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔