Wednesday, October 16, 2024
ہومپاکستانحکومت کا آئینی ترامیم پہلے سینیٹ میں لانے کا فیصلہ، نواز شرف کو مشترکہ مجوزہ ڈرافٹ پیش کیا جائے گا

حکومت کا آئینی ترامیم پہلے سینیٹ میں لانے کا فیصلہ، نواز شرف کو مشترکہ مجوزہ ڈرافٹ پیش کیا جائے گا

اسلام آباد (سب نیوز)حکومت کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے مسودات کو یکجا کرکے ایک مشترکہ آئینی ترمیمی ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے، حکومت نے آئینی ترمیم پہلے سینیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، آئینی ترمیم کل سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چھبیسویں آئینی ترمیم ایوان بالا کے بعد قومی اسمبلی سے منظور کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم پر بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے ن لیگ، پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور اے این پی کے مجوزہ ڈرافٹ یکجا کرلیے ہیں، مشترکہ مجوزہ ڈرافٹ آج رات لاہور میں نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
تین بڑی جماعتوں جمیعت علماء اسلام (ف)، پیپلز پارٹ اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان آج 26ویں آئینی ترمیم کے مشترکہ مسودے پر اتفاق رائے کا امکان ہے، صدر ن لیگ نواز شریف کےعشائیے میں آج تینوں پارٹیوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
حکومت کی جانب سے کل دوپہر ڈیڑھ بجے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، جس میں 26 ویں ائینی ترمیم کی منظوری دی جائے گی، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد آئینی ترمیم سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آئینی ترامیم پر پیپلز پارٹی اور جے یو آئی میں اتفاق ہونے کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 17 اکتوبر کو اجلاس طلب کئے گئے ہیں، جمعرات کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 26 ویں آئینی ترامیم پاس کروائے جانے کا امکان ہے۔ لیکن حکومت نے قومی اسمبلی سے پہلے سینیٹ میں آئینی ترامیم پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کہہ چکے ہیں کہ آئینی ترمیم پر ہم آہنگی ہوگئی ہے اور آئینی ترمیم جے یو آئی کے ہاتھ میں ہے، آئین سازی ہوگی تو صرف ہمارے مسودے پر ہوگی، جے یو آئی کے مسودے کے علاوہ کسی اور آئین سازی کی اجازت نہیں دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے اسمبلی اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو آئینی ترمیم پربحث کا بھرپور موقع کیا جائے گا۔
گزشتہ روز بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان سنجیدہ ماحول میں بات چیت ہوئی ہے، آئینی مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے، بدھ کو نواز شریف سے بھی ملاقات ہوگی۔
بلاول نے کہا کہ مولانافضل الرحمان نواز شریف سے بھی بات کریں گے، جے یو آئی کے ساتھ تعلقات جاری رہیں گے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات میں آئینی ترمیم کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا، مولانا فضل الرحمان اور بلاول اپنی مشاورت کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ ملاقات میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر حتمی مشاورت ہوگی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔