Monday, December 23, 2024
ہومبریکنگ نیوزقومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی، سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان

قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی، سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان

لاہور (سب نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال 24-2023کے لیے4کیٹیگریز میں 25کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے منتخب کیا تھا،ان کرکٹرز کے معاہدے 30 جون 2024 کو ختم ہوچکے ہیں۔ تاحال کرکٹ بورڈ نے 25-2024 کے سینٹرل کنٹریکٹ کے ناموں کا اعلان نہیں کیا، البتہ اطلاعات ہیں کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی جا رہی ہے۔

اے کیٹیگری میں پچھلے سال کی طرح بابر اعظم ، محمد رضوان اور شاہین آفریدی ہی رہیں گے اور یہاں کسی نئے نام کا کوئی امکان نہیں۔دوسری جانب ٹیسٹ کپتان شان مسعود بی کیٹیگری تک محدود رہیں گے، ان کے ساتھ اس کیٹیگری میں نسیم شاہ ، فخر زمان اور شاداب خان کی جگہ پکی ہے۔

البتہ پچھلے سینٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری کا حصہ بننے والے سابق ٹیسٹ کپتان وکٹ کیپر سرفراز احمد اور فاسٹ بولر حارث رف کا بی کیٹیگری میں رہنا ناممکن ہے۔اسی طرح آل رانڈر محمد نواز کا نام بھی بی کیٹیگری کا حصہ نہیں ہوگا۔

سی کیٹیگری میں عبداللہ شفیق برقرار رہیں گے، البتہ یہاں ان کے ساتھ صائم ایوب، سعود شکیل ، اسامہ میر اور میر حمزہ کی شمولیت متوقع ہے۔آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 سے قبل اس وقت کے چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکا اشرف سے مطالبات تسلیم کروانے والے کرکٹرز کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں مراعات اور مالی فوائد پچھلے کنٹریکٹ کے تناظر میں بڑھنے کا فی الحال امکان بہت کم ہے اور اس کی وجہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران قومی ٹیم کی کارکردگی کا گراف نیچے جانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔