بیروت : اسرائیل نے عالمی دباؤ مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر لبنان کے دارالحکومت بیروت پر فضائی حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 6 شہری جاں بحق جبکہ 46 زخمی ہوگئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ، صیہونی فوج نے بیروت کے مرکزی علاقے میں پارلیمنٹ سے محض کچھ میٹر فاصلے پر ایک عمارت پر فضائی حملہ کیا اور شہر ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا ، فضائی حملے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ، گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ، رات گئے بیروت کے جنوبی علاقے دحیہ میں تین زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں حزب اللہ سے منسلک ایک طبی مرکز قائم تھا، اسرائیل کا بیروت کے مرکز میں یہ پہلا حملہ ہے، اسرائیل نے بدھ کی شب پانچ دیگر فضائی حملے بھی کیے جن میں ضاحيہ میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں اسرائیلی حملوں میں 46 لبنانی شہید اور 85 زخمی ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ سے لڑائی میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیوں کے دوران حزب اللہ سے جھڑپوں میں آٹھ فوجی ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل اور ایرانی حمایت یافتہ لبنان کے گروپ حزب اللہ کے درمیان سرحدی علاقے میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران یہ حالیہ عرصے میں اسرائیلی فوج کو پہنچنے والا سب سے بڑا نقصان ہے ۔
حزب اللہ کاکہنا ہے کہ ہمارے جنگجو گزشتہ روز لبنان میں اسرائیلی افواج کے ساتھ لڑائی میں مصروف تھے جس سے اسرائیلی افواج کی لبنان کے اندر زمینی کارروائی کی پہلی بار تصدیق ہوئی ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فوجیوں کی ہلاکت پر اپنے تعزیتی ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم ایک مشکل جنگ کے عروج پر ہیں جو ہمیں تباہ کرنا چاہتی ہے ، ہم ایران کے خلاف ایک مشکل جنگ میں ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے منگل کو اسرائیل پر 200 سے زائد میزائل داغے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ کا خطہ مکمل جنگ کے دہانے پر پہنچ گیا ہے، ایران نے اسرائیل پر اپنا اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا تو اسرائیل اور واشنگٹن نے تہران کو سخت جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بھی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اس میں مزید شدت پیدا کی گئی ہے، پناہ گاہوں اور سکولوں، بشمول ایک یتیم خانے پر حملے میں متعدد فلسطینی شہید ہو گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 7اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 41 ہزار سے زائد افراد شہید اور96 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔
عالمی دباؤ مسترد، اسرائیل کا بیروت پر پھر فضائی حملہ، 6 شہری شہید
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔