Monday, December 23, 2024
ہومتازہ تریناگر عوامی حکومتوں کو کام کرنے دیاجاتا تو آج کوئی بےگھر نہ ہوتا، نوازشریف

اگر عوامی حکومتوں کو کام کرنے دیاجاتا تو آج کوئی بےگھر نہ ہوتا، نوازشریف

لاہور(آئی پی ایس)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر عوامی حکومتوں کو کام کرنے دیاجاتا تو آج کوئی بےگھر نہ ہوتا۔
لاہور میں حکومت پنجاب کے منصوبے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کہا کہ کارخیر میں حصہ ڈالنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس پروگرام کے آغاز پر بہت خوشی ہورہی ہے، مریم نواز نے پنجاب میں اچھا پروگرام شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری ہاؤسنگ نے ہمیں جو تفصیل بتائی ہے اس سے میں بہت متاثر ہوا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ منصوبہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہونے کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتنی اچھی بات ہے کہ قرض بھی دیا جا رہا ہے اور ایک پیسے کا سود بھی وصول نہیں کیا جا رہا۔
نوازشریف نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اگر اس ملک میں کام کیا جاتا اور کام کرنے دیا جاتا اور عوام کے نمائندوں کی حکومت کو کام کرنے دیا جاتا تو آج اس ملک میں کوئی شخص بےگھر نہ ہوتا، 75سالوں میں آج ہماری بہت بڑی آبادی اپنے گھروں سے محروم ہے، لوگوں کے پاس زمین کے چھوٹے سے ٹکڑے کو بنانے کے لیے پیسے نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل تعمیرات اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ اگر ایک کمرہ بھی بنانا ہو تو آدمی پریشان ہوجاتا ہے کہ اس کے پیسے کہاں سے آئیں گے، یہ کام ہم نے بہت پہلے شروع کیا تھا، میرے پہلے دور حکومت میں تو ہم نے اس طرح کی اور بھی بہت سی اسکیمیں شروع کیں لیکن ڈھائی پونے، تین سال بعد فارغ کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پھر آئے تو ابھی آدھا وقت پورا نہیں کیا تھا کہ فارغ کردیا گیا، پھر آئے تیسری مرتبہ تو ابھی مشکل سے آدھا وقت پورا کیا تھا کہ پھر فارغ کردیا، لیکن آخری کیوں، جو سلسلے کا آغاز ہم نے 1990 میں کیا تھا اگر وہ جاری رہتا تو آج پاکستان اتنا خوشحال ملک ہوتا کہ دنیا رشک سے اس ملک کی طرف دیکھ رہی ہوتی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوزا نے کہاکہ ہمیں اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر سے 5 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، ہم 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبہ 700 ارب روپے کا ہے، آج ہم اس کی پہلی قسط دینے جارہے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم نواز شریف کا منصوبہ ہے، اور وہ روزانہ اس کی اپ ڈیٹ لیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف مجھے ہدایات دیتے ہیں کہ سارا وقت عوام کی خدمت میں صرف کرو، میں نے خوابوں کے پیچھے محنت سے لگ جانا بھی نواز شریف سے سیکھا۔
انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ کی ماہ کی قلیل مدت میں اس پراجیکٹ کی پہلی قسط دینے جارہے ہیں، ہم کم از کم 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دے رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ شناختی کارڈ اور زمین کے کاغذات دکھا کر قرضہ حاصل کیا جاسکتا ہے، شہروں میں 5 مرلے اور دیہات میں 10 مرلے زمین والوں کو قرض دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک ٹیک آف کرنے کی پوزیشن پر آگیا ہے، وزیراعظم شہبا زشریف دن رات محنت کرتے ہیں، اور مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ میں کسی کی گالم گلوچ کا جواب نہیں دینا چاہتی، تنقید کرنے والوں کی توجہ گالم گلوچ اور جلائو گھیرائو پر ہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں ترقی کی بات ہورہی ہے اور منصوبے لائے جارہے ہیں، لیکن اب بھی کچھ لوگ انتشار پھیلانے میں مصروف ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب اور وفاق میں نواز شریف کی حکومت ہے، قائد ن لیگ نے ترقی کا سفر 1980 سے شروع کیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔