اسلام آباد (آئی پی ایس) ایکسائز ڈپارٹمنٹ اسلام آباد نے غیر رجسٹرڈ، غیر نمونہ نمبر پلیٹس یا کالے شیشے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے بھاری جرمانے بھی عائد کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق ایکسائز ڈپارٹمنٹ اسلام آباد نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں، کالے شیشوں، فلیش یا پولیس لائٹس لگی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ سخت کریک ڈاؤن کے نتیجے میں بھاری جرمانے کیے جائیں گے جبکہ گاڑی کسی بھی علاقے کی کیوں نہ ہو، اسے بخشا نہیں جا رہا۔
ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ہزار سی سی گاڑی کو 5 ہزار، ہزار سے دو ہزار سی سی گاڑی کو 10 ہزار روپے اور 2 ہزار سی سی سے اوپر کی گاڑیوں کو 20 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کا کہنا ہے کہ کوئی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جا رہا، جرمانے کی ادائیگی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن کینسل کی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم نے مزید کہا کہ چیف کمشنر کے نوٹیفکیشن کے مطابق اگر دوسری بار قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو جرمانہ پانچ گنا زیادہ ہو گا۔