Thursday, September 19, 2024
ہومتازہ ترینحکومت کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر بھی غور

حکومت کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر بھی غور


اسلام آباد:سینیٹ اور قومی اسمبلی کے بعد حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے پر بھی غور شروع کر دیا۔ مشترکہ اجلاس 28 اگست کو بلانے کی تجویز دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشترکہ اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور نہ ہونے والے بلز منظور کروائے جائیں گے۔
بعض بلز سینیٹ نے منظور کیے مگر قومی اسمبلی نے نہیں کیے تھے جبکہ بعض بلز قومی اسمبلی نے منظور کیے لیکن سینیٹ نے نہیں کیے تھے۔
ایسے تمام بلز اب مشترکہ اجلاس سے منظور کروائے جائیں گے۔
الیکشن ایکٹ اور مخصوص نشستوں کے بارے میں نئی قانون سازی بھی مشترکہ اجلاس سے منظور کروائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے ایوان زیریں قومی اسمبلی اور ایوان بالا سینیٹ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے قومی اسمبلی کا اجلاس 26 اگست کو طلب کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اجلاس 26 اگست بروز پیر شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے۔
قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 16 ویں قومی اسمبلی کا 9 واں اجلاس ہو گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے علاوہ صدرِ مملکت آصف زرداری نے سینیٹ کا اجلاس 27 اگست کو طلب کیا ہے، ایوان بالا کا اجلاس27 اگست بروز منگل شام 5 بجے ہو گا۔
صدرِ مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی ذیلی شق ایک کے تحت طلب کیے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔