Friday, October 18, 2024
ہومپاکستانعدالتی فیصلوں کے بعد جعلی فارم 47کی حکومت حواس باختہ ہو چکی، بیرسٹر سیف

عدالتی فیصلوں کے بعد جعلی فارم 47کی حکومت حواس باختہ ہو چکی، بیرسٹر سیف

پشاور(سب نیوز) صوبائی مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں کے بعد جعلی فارم 47 کی حکومت حواس باختہ ہو چکی ہے،جعلی حکومت کے جعلی نمائندے عدلیہ کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، سپریم کورٹ پر حملہ بھی مسلم لیگ ن کے ٹریک ریکارڈ کا حصہ ہے، یہ ٹولہ اقتدار بچانے کی خاطر کسی بھی حد تک جاسکتا ہے، فارم 47 کی حکومت کے تابوت میں آخری کیل وزیراعلی خیبر پختوا علی امین گنڈاپور ٹھوکیں گے۔اپنے ایک بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی وزرا شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری میں توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں، عدالتی فیصلوں کے بعد جعلی فارم 47 حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے، بدحواسی کے عالم میں جعلی حکومت کے جعلی نمائندے شیڈول پریس کانفرنسز میں عدلیہ کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ گزشتہ 2 دنوں سے جعلی نمائندوں کی ٹی وی اسکرین پر چیخیں نکل رہی ہیں، جعلی حکومت کے وزرا بے جا تنقید سے ملک کے عدلیہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جعلی سرکار نے اس سے پہلے عزم استحکام جیسے اہم قومی سلامتی معاملے پر بھی سیاست چمکائی تھی، اب عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، عدلیہ پر اثرانداز ہونا شہباز شریف کا پرانا وطیرہ ہے، سپریم کورٹ پر حملہ بھی مسلم لیگ کے ٹریک ریکارڈ کا حصہ ہے۔مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اقتدار بچانے کی خاطر یہ ٹولہ کسی بھی حد تک جاسکتا ہے، شیڈول پریس کانفرنسز کا مقصد ٹی وی سکرین پر قبضہ جمانا ہے، مقصد عدلیہ کے خلاف بیانیہ بنانا سمیت مخالف کی رائے دبانا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ خاور مانیکا جیسے بدنام زمانہ شخصیت کو بھی پی ٹی وی سمیت تمام چینلز پر گھنٹوں لائیو کوریج دیا جاتا ہے، پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کو مناسب کوریج نہیں دیا جارہا، فارم 47 حکومت کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنا انجام صاف نظر آرہا ہے، جعلی فارم 47 حکومت کے تابوت میں آخری کیل وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ٹھونکیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔