پشاور (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز اور پی ٹی آئی کے مذاکرات پر تحریک انصاف کے رہنماوں میں اختلافات سامنے آگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے رہنماوں نے پی ٹی آئی پی سے مذاکرات پر تحفظات کا اظہار کیا، پی ٹی آئی رہنماں نے قیادت کو واٹس ایپ گروپس میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ حکومت سازی کیلئے پرویز خٹک اور محمود خان کی پارٹی کا سہارا لینا مناسب نہیں۔نو منتخب ایم این اے جنید اکبر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کیا گیا تو ہم اپنا لائحہ عمل بنائیں گے، ملاکنڈ ڈویژن بلکہ خیبرپختونخوا کے اکثر قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے تیار نہیں، پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کیا گیا تو اپنا بلاک بنائیں گے۔
جنید اکبر خان نے کہا کہ محمود خان اور پرویز خٹک کے کہنے پر پارٹی رہنماں اور ورکرز پر جو ظلم کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، ہمارے اوپر مقدمات درج کئے گئے، گھر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں۔نو منتخب ممبر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پارٹی کے اس فیصلے پر جتنا ہوسکتا ہے مزاحمت کریں گے، پارٹی سے غداری کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے، پی ٹی آئی پی میں جب تک محمود خان ہے اس وقت تک ہم اتحاد کی مخالفت کرتے رہیں گے۔