لاہور(سب نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کےاستقبال کیلئے مسلم لیگ ن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے،چیف آرگنائزر مریم نواز اور حمزہ شہباز کل سے لاہور میں جلسوں کا آغاز کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ استقبال کو کامیاب بنانے کےلئے مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف سرگرم عمل ہیں،چیف آرگنائزر مریم نواز اور حمزہ شہباز کل سے لاہور میں جلسوں کا آغاز کریں گے،دونوں رہنما کل این اے 123 کی عوام کا لہو گرمائیں گے،حلقہ این اے 123شاہدرہ میں پہلے جلسے سے شام 7 بجے مریم نواز اور حمزہ شہباز خطاب کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن لاہور میں نواز شریف کی استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں 7 جلسے کرے گی،مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور حمزہ شہباز جلسوں سے خطاب کریں گے،مسلم لیگ ن کے کل کے جلسے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں،مسلم لیگ ن لاہور نواز شریف کے 21 اکتوبر کے جلسے کیلئے کارکنوں کو متحرک کرنے میں مصروف عمل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آرگنائزر مریم نواز نے پنجاب کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر تنظیمی عہدیداروں کو ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ طلب کر لیا ہے ،مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ لی جائے گی,پنجاب بھر سے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر تنظیمی عہدیدار ماڈل ٹاؤن میں استقبال کے حوالے سے بریفنگ دیں گے,اجلاس میں صدر پنجاب رانا ثناء اللہ سمیت دیگر اہم پارٹی رہنما بھی شریک ہونگے,مریم نواز اجلاس میں تنظیمی عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں تفویض کریں گی۔