اسلام آباد (سب نیوز)ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے کے واقعات میں اب تک 2 بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ جہلم میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
اسلام آباد میں پرانے حاجی کیمپ کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس کی دیوار گرنے سے 11 مزدور جاں بحق ہوگئے جبکہ ملبے سے 4 افراد کوزندہ نکالا لیا گیا۔افسوسناک واقعہ گولڑہ موڑ چوک پر پیش آیا جہاں زیر تعمیر انڈر پاس کی دیوار کے ساتھ مزدور کیمپ لگا رکھا تھا، آندھی اور تیز بارش کے باعث دیوار مزدوروں کے کیمپ پر جاگری، جس کے نتیجے کیمپ میں سوئے تمام مزدور ملبے تلے دب گئے، جن میں سے 11 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائی کی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔ کارروائی میں بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا گیا۔پولیس کے مطابق امدادی ٹیموں نے مشین کی مدد سے 11 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں، ملبے سے 5 افراد کوزندہ نکالا گیا جو پمز اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
شدید بارش کے دوران ایک دوسرے واقعے میں تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹاون میں دیوار گر گئی، جس کے نیچے دب کر 11 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں اب تک 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ، نالہ لئی میں پانی کی سطح 16 فٹ سے تجاوز کرگئی، انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجا دیے۔پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے ہیں، رین ایمرجنسی کے پیش نظر دستے نالہ لئی پر تعینات ہیں، کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔کٹاریاں میں پانی کی سطح 19 فٹ اور گوالمنڈی میں 18 فٹ تک پہنچ گئی، دونوں جگہوں سے آبادی کا انخلا کروا دیا گیا۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔مظفرآباد اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوارتو ہوا لیکن سڑکیں تالاب بن گئیں۔مظفرآبادکے دریاں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہے اور بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔اسی طرح جلالپور پیروالا شہر اور گردونواح میں بارش شروع ہوتے ہی حسبِ معمول بجلی غائب ہوگئی۔
لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 2 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بچوں کی ہلاکت پر نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور نے رپورٹ طلب کرلی ہے۔واسا لاہور کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں 90 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ائرپورٹ کے علاقے میں 59، نشتر ٹاون میں 55، اپر مال میں 51، لکشمی چوک میں 44 اور گلبرگ میں 32 ملی میٹر بارش ہوئی، بارش کے بعد نشیبی علاقوں کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔
مون سون بارشوں کا سلسلہ 19 تا 23 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی۔شدید بارش کے نتیجے میں دریائے جہلم اور چناب میں درمیانے سے اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
جڑواں شہروں سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے 17ہلاک، جہلم میں پانی گھروں میں داخل
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔