کراچی :رہنما ایم کیو ایم پاکستان مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ دھرنے کی کال اپنی جگہ موجود ہے، معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں، نئی یوسیز بنانے کا مکمل اختیار صوبائی حکومت کا استحقاق ہے۔ ناصر حسین شاہ کہتے ہیں کہ نئی مردم شماری کے بعد مزید یوسیز بڑھیں گی۔
پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کراچی میں حلقہ بندیوں کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن مطالبات تسلیم کرلیتا تو انتخابات میں حصہ لیتے، کراچی کی حلقہ بندیاں درست نہیں ہیں یہ بات پیپلزپارٹی نے تسلیم کی، سب الیکشن اپنے منشور پر لڑتے ہیں، دھرنے کی کال اپنی جگہ موجود ہے، معاملات کو افہام و فہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے یوسیز کو درست کرنے کا لیٹر جاری کیا، الیکشن کمیشن نے نہیں مانا، اگر ایم کیو ایم الیکشن میں چلی جاتی تو ہمارا یہ موقف غلط ثابت ہوتا، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت جلد نئی یوسیز کا لیٹر جاری کرے گی، نئی یوسیز بنانے کا مکمل اختیار صوبائی حکومت کا استحقاق ہے۔صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ نئی مردم شماری کے بعد مزید یوسیز بڑھیں گی، حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کا کام ہے، حلقہ بندیوں پر ای سی پی کو خط لکھ کر تحفظات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک بندہ انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے، ملکی حالات کی ذمہ داری نااہل پی ٹی آئی حکومت پر ہے، پی ٹی آئی دور کے غلط فیصلوں کے نتائج عوام آج بھگت رہے ہیں۔