ہینلے انڈیکس جانب سے رواں برس 2023 کیلئے دنیا کے طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کردی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہینلے انڈیکس کی 2023 کی فہرست میں دنیا کا سب سے طاقتور ترین پاسپورٹ جاپان کا قرار پایا جس کے پاسپورٹ پر بغیر ویزا کے 193 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر مشترکہ طور پر سنگاپور اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس ہیں جن کے پاسپورٹ پر 192 ممالک کا بغیر ویزے کے سفر کیا جا سکتا ہے جب کہ تیسرے نمبر پر جرمنی اور اسپین ہیں۔ ان ممالک کے پاسپورٹ کے حامل افراد 191 ممالک میں بغیر ویزے کے جا سکتے ہیں۔
اسی طرح برطانیہ کا نمبر چھٹا اور امریکا کا نمبر ساتواں ہے جب کہ بھارت کا نمبر 85 واں ہے جس کے پاسپورٹ پر 59 ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کیا جا سکتا ہے۔
ہینلے انڈیکس میں افغانستان کا پاسپورٹ کمزور ترین پاسپورٹ ہے جس کا نمبر سب سے آخری یعنی 109 ہے جب کہ پاکستانی پاسپورٹ کا نمبر 106 ہے اور پاکستان سے نیچے صرف تین ممالک بالترتیب شام، عراق اور افغانستان ہیں۔
ہینلے انڈیکس کے برخلاف ایک اور ادارے آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات سرفہرست ہے جس کے شہری 181 ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کرسکتے ہیں۔
آرٹن کیپیٹل کی جانب سے بھی طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست چند روز قبل جاری کی گئی تھی جس میں دوسرے نمبر پر وہ ممالک شامل ہیں جن کے حامل افراد 174 ممالک میں بغیر ویزے کے جا سکتے ہیں۔
آرٹن کیپیٹل کی فہرست میں دوسرے نمبر پر فرانس، اسپین،جنوبی کوریا، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، جرمنی، سوئیڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، نیدرلینڈز اور آسٹریا مشترکہ طور پر براجمان ہیں۔
اسی طرح آرٹن کیپیٹل کی طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست میں تیسرے نمبر پر برطانیہ، امریکا، نیوزی لینڈ اور بیلجیئم سمیت دس ممالک موجود ہیں۔ ان پاسپورٹ کے حامل افراد بغیر ویزے کے 173 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔
آرٹن کیپیٹل کی فہرست میں بھی افغانستان کا پاسپورٹ سب سے کمزور قرار پایا تھا جس کا نمبر آخری یعنی 95 ہے جب کہ پاکستانی پاسپورٹ بھی کمزور ترین پاسپورٹ میں شامل ہے۔ پاکستان کا نمبر 92 واں ہے اور اس سے نیچے صرف عراق، شام اور افغانستان ہیں۔
دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری، پاکستان کا نمبرکیا ہے؟
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔