Saturday, June 15, 2024
ہومتازہ ترینآن لائن کاروبار کو فروغ دینے کیلئے آئی سی سی آئی میں ای کامرس سمٹ

آن لائن کاروبار کو فروغ دینے کیلئے آئی سی سی آئی میں ای کامرس سمٹ

اسلام(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ آنے والا وقت آن لائن کاروبار کا ہے اور پاکستان میں ای کامرس کا مستقبل بہت روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کاروبار ٹھپ ہو گئے تھے لیکن ای کامرس واحد بزنس ماڈل ہے جس نے ان مشکلات حالات میں متاثر کن ترقی حاصل کی۔ انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے آن لائن پلیٹ فارم دراز کے تعاون سے 6مارچ 2021کو چیمبر میں ایک ای کامرس سمٹ منعقد کرنے کا اہتمام کیا ہے تا کہ تاجر برادری کو آن لائن کاروبار شروع کرنے میں معاونت فراہم کی جائے کیونکہ دراز کی ٹیم کاروباری برادری کو ای کامرس کے ذریعے کاروبار کو فروغ دینے کے طریقوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ای کامرس سمٹ میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں اور برانڈز کی رجسٹریشن کی جائے گی تا کہ وہ فوری طور پر آن لائن کاروبار شروع کر سکیں۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ای کامرس اس وقت پوری دنیا میں تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں ای کامرس نے تقریبا 3.53 کھرب ڈالر کا کاروبار کیا جبکہ 2022 میں یہ کاروبار بڑھ کر 6.54 کھرب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کیلئے ای کامرس میں ترقی کرنے کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس کی ترقی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لئے وزیر اعظم کے وژن کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری ادارے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنا کر ای کامرس کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں۔سردار یاسر الیاس خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ای کامرس کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تا کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل اکانومی کی طرف پیش رفت کرے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک پر زور دیا کہ پے پال سمیت پاکستان میں ای پیمنٹ گیٹ ویز کو اجازت دینے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ایمازون اور ای بے سمیت آن لائن کاروبار کرنے والی دیگر انٹرنیشنل کمپنیاں پاکستان میں آن لائن کاروبار شروع کر سکیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پالیسی اصلاحات کے ذریعے ای کامرس کاروبار کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے تاجربرادری اور طلبا کو ای کامرس سمٹ میں بھرپور شرکت کرنے کی دعوت دی کیونکہ دراز کی ٹیم ان کو کامیاب آن لائن کاروبار شروع کرنے کے بارے میں ضروری معلومات فراہم کرے گی اور ان کو آن لائن ادائیگیوں کی پالیسیوں اور طریقہ کار کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کرے گی۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ای کامرس کی ترقی سے معیشت کیلئے متعدد فوائد پیدا ہوں گے کیونکہ اس سے ملک میں دستاویزی معیشت فروغ پائے گی، ٹیکس کی بنیاد میں اضافہ ہوگا، ٹیکس چوری کے واقعات کم ہوں گے، ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہو گا جبکہ ملک میں بدعنوانی کم ہو گی اور تمام سرکاری محکموں میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔