Saturday, July 27, 2024
ہومتازہ ترینمیانمار میں فوجی بغاوت کیخلاف مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ، 7 ہلاک

میانمار میں فوجی بغاوت کیخلاف مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ، 7 ہلاک

رنگون(آئی پی ایس ) میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف جاری ملک گیر احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 7 مظاہرین کی ہلاکت کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار میں فوج کی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر طاقت کا استعمال کیا گیا، پولیس کی فائرنگ سے مزید 7 مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ پولیس کے تازہ کریک ڈاؤن میں 7 مظاہرین کی ہلاکت کے بعد دو فروری سے شروع ہونے والے مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ پولیس نے رنگون سمیت کئی دیگر شہروں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی اور چند مقامات پر فائرنگ بھی کی۔مظاہرین جمہوری حکومت کی بحالی اور اسیر معزول رہنما آنگ سان سوچی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں جب کہ فوجی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ ایک سال میں شفاف الیکشن کروائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ میانمار میں یکم فروری کو فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور تب سے ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔