Friday, March 29, 2024
ہومپاکستاناستاد کو معاشرے میں روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے، عثمان بزدار

استاد کو معاشرے میں روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے، عثمان بزدار

لاہور(آئی پی ایس )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ استاد کو معاشرے میں انتہائی اہم رتبہ اور روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ورلڈ ٹیچرز ڈے منانے کا مقصد اساتذہ کی اہمیت اور احترام کو اجاگر کرنا ہے۔وزیرعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طالب علم کی سوچ اور فکر کی راہ متعین کرنے میں استاد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، استاد کو معاشرے میں انتہائی اہم رتبہ اور روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اساتذہ کی عزت و تکریم کی بدولت ہی طالب علم معاشرے میں عزت و شہرت کی بلندی تک پہنچ سکتا ہے، میں اپنے اور پورے ملک کے اساتذہ کو عزت و احترام سے سلام پیش کرتا ہوں۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میں آج جس مقام پر ہوں، اس میں میرے اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہے، نئے پاکستان میں اساتذہ کو ان کا اصل مقام دیا ہے، اساتذہ کی عزت و تکریم سب کا فرض ہے۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں، آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ استاد کی عزت و تکریم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔