Friday, March 29, 2024
ہومکالم وبلاگزمحبت اہل بیت ........... تحریر: سجاول سلیم

محبت اہل بیت ……….. تحریر: سجاول سلیم

اللہ پاک کا شکر ہے کہ جس نے ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت میں شامل فرمایا اور اپنی بندگی، عبادت اور طاعت کے ساتھ ساتھ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے رشتے میں وابستہ کیا۔ آقا علیہ السلام کی محبت کے باب میں اللہ تعالیٰ نے کچھ مظاہر بنائے ہیں اور اہل بیت اطہار کی محبت کو اہم ترین مظاہرِ ایمان اور مظاہرِ محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں شامل فرمایا ہے۔

اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا:

(الشوری، 42: 23)

’’فرما دیجیے: میں اِس (تبلیغِ رسالت) پر تم سے کوئی اُجرت نہیں مانگتا مگر (میری) قرابت (اور اﷲ کی قربت) سے محبت (چاہتا ہوں)‘‘۔

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی قرابت اور اپنی اہل بیت کی محبت کو ہمارے اوپر فرض و واجب قرار دیا ہے

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تبلیغ رسالت کے ذریعے ہم پر جو احسان فرمایا اس پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہم سے کوئی اجر طلب نہیں فرمایا سوائے اِس کے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہل بیت اور قرابت سے محبت کریں۔ یہ امر بھی پیشِ نظر رہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قرابت سے محبت کا جو حکم دیا، یہ اجر بھی بدلہ کے طور پر اپنے لئے طلب نہیں فرما رہے بلکہ یہ بھی ہمارے بھلے کے لیے ہے۔ اِس سے ہمیں ایمان و ہدایت کا راستہ بتار ہے ہیں، ہمارے ایمان کو جِلا بخش رہے ہیں اور اہل بیت و قرابت کی محبت کے ذریعے ہمارے ایمان کی حفاظت فرما رہے ہیں۔ گویا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس فرمان کے ذریعے ہماری ہی بھلائی کی راہ تجویز فرما رہے ہیں۔

نبی کریم ﷺ کائنات کی مقدس و پاکیزہ ترین ہستی ہیں۔ جو شخص ایمان کی حالت میں آپ کی تھوڑی دیر کی صحبت پا لیتا ہے اور ایمان پر ہی اس کا خاتمہ ہوتا ہے تو اس صحبت کی برکت سے اس کا شمار دنیا کی بہترین ہستیوں میں ہونے لگتا ہے تو جو آپ کا خون اور آپ کے جگر کے ٹکڑے ہیں ان کی شرافت و عظمت کا کیا مقام ہے اس کا تصور ہی محال ہے۔

اس میں ذرہ برابر شک نہیں کہ جس کو نبی کریم ﷺ سے جتنی قربت حاصل ہے اس کی تعظیم و محبت بھی اسی پیمانے پر واجب و لازم ہے اس لیے جہاں ہمیں نبی کریم ﷺ سے محبت کا حکم ہے وہیں آپ کی اہل بیت سے بھی محبت کاحکم ہے۔

اہل بیت کی فضیلت و عظمت قرآن و حدیث سے ثابت ہے لہذا ان کا احترام کرنا، ان سے محبت و عقیدت رکھنا ہر مسلمان کے ایمان کا جزو ہے اور ان سے بغض و عداوت رکھنا اور ان کو ذرہ سی بھی تکلیف پہنچانا اللہ عزوجل اور نبی کریم ﷺ کی ناراضگی کا سبب ہے۔

نبی کریم ﷺ نے اہل بیت کے ساتھ اچھا سلوک کرنے والے کو پسند فرمایا اور اہل بیت سے محبت رکھنے والے کے بارے میں فرمایا:
جس کو اہل بیت کی محبت میں موت آئے تو وہ شہید ہے۔ (تفسیر قرطبی، ج16، ص23)

اللہ ﷻ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اہل بیت کے ساتھ سچی عقیدت و محبت عطا فرمائے اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین