Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانفضائی حدود کا استعمال ،پاک امریکا مذاکرات جاری ، سی این این،پاکستان کی تردید

فضائی حدود کا استعمال ،پاک امریکا مذاکرات جاری ، سی این این،پاکستان کی تردید

واشنگٹن/اسلام آباد ،امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں آپریشن کیلئے فضائی حدود کے استعمال پر پاکستان اور امریکا معاہدے کے قریب ہیں۔
سی این این کے مطابق گزشتہ روز ایک اجلاس میں بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس ممبران کو افغانستان میں آپریشن کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کے لیے جاری مذاکرات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور پاکستان اس حوالے سے معاہدے کے قریب ہیں۔سی این این کے مطابق پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بھارت سے تعلقات کی بہتری میں امریکی مدد کے بدلے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابھی مذاکرات جاری ہیں اور معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے تاہم معاہدے میں اب بھی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔سی این این کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ امریکا اب بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کررہا ہے تاہم سرکاری طور پر ایسا کوئی معاہدہ موجود نہیں جس کی بنیاد پر امریکا مستقل بنیادوں پر افغانستان میں آپریشن کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرے۔دوسری طرف دفترخارجہ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان افغانستان میں فوجی آپریشن کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کے معاہدے کی تردید کردی ہے۔ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان اورامریکا کے مابین افغانستان میں فوجی اور انٹیلیجینس آپریشن کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال سے متعلق معاہدے کو باقاعدہ شکل دینے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ایسے کسی معاہدے پربات چیت نہیں ہورہی ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کا علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی پر دیرینہ تعاون ہے لہذا دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے باقاعدہ مشاورت جاری ہے۔