Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانکے پی حکومت کا یو ایس ایڈ کے تعاون سے فاٹا میں تعمیر و ترقی کے کام تیزی سے جاری

کے پی حکومت کا یو ایس ایڈ کے تعاون سے فاٹا میں تعمیر و ترقی کے کام تیزی سے جاری

اسلام آباد،ملک بھرکی طرح سڑکوں کا جال بچھانے کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے فاٹا میں انفراسٹرکچر کی بحالی اور تعمیر و ترقی کے لیے بہت کام کیا ہے، یو ایس ایڈ کے تعاون سے 62 کلو میٹر کی سڑک ڈی آئی خان۔ہتھالا۔ ٹانک روڈ تعمیر کی گئی، دو بڑے شہروں کے درمیان 4 گھنٹے کے طویل سفر کو اس سڑک کی مدد سے کم کر کے 40 منٹ کر دیا گیا، یہ سڑک فاٹا انفراسٹکچر کی بحالی کے منصوبے کے تحت تعمیر کی گئی، اس سڑک کی تعمیر سے قبائلی علاقوں میں پائیدار امن، تعلیم، صحت، انفارمیشن اور خوشحالی کے شعبوںمیں مدد ملی۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے ہتھالا اور ٹانک تک سڑک کی تعمیر سے خطے میں معاشی سرگرمیاں مزید تیز ہو گئیں۔
امریکی فلاحی ادارے برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ کے تعاون سے منصوبے کی تکمیل سے خطے میں وسیع پیمانے پر معاشی سرگرمیاں پیدا ہوئیں ،اس منصوبے سے تجارت کے ذریعے اربوں ڈالر کی آمدن متوقع ہے، اس سڑک سے علاقے میں سیاحت کے شعبوں میں ہزاروں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کا مقصد صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کرنا ہے، اس سے پاکستان کو عالمی منڈی تک اپنی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ روڈ کنارے بسنے والے افراد اور مسافر گاڑیاں چلانے والوں سے بات کرنے سے معلوم ہوا کہ یہ راستہ پہلے بہت دشوار تھا ،پہاڑوں سے پتھر گرتے تھے جس سے حادثات میں کئی جانیں ضائع ہو جاتی تھیں، منصوبے سے مسافر بسوں اور مال بردار گاڑیوں کو خصوصی فائدہ پہنچا اور جو سفر چار گھنٹوں میں طے ہوتا تھا وہ کار سے 40 منٹ (100 کلو میٹر کی رفتار)میں مکمل ہونے لگا جبکہ بھاری گاڑیوں کا یہ فاصلہ 2 گھنٹوں (40 کلو میٹر کی رفتار)میں مکمل ہونے لگا۔ کچھ لوگوں نے بتایا کہ اس روڈ کی تعمیر سے علاقے میں سرمایہ کاری کا رجحان بھی بڑھا جس سے متعدد بے روزگاروں کو روزگار کے حصول میں مدد ملی۔